عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاریاں

حکومت نے بجلی 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کر دی

اسلام آباد ( تازہ ترین اخبار۔ 04 فروری 2021ء) : وفاقی حکومت نے مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر ایک مرتبہ پھر بجلی بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ حکومت نے 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ یونیفارم اضافے کی درخواست کی جس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت وائس چیئرمین نیپرا سیف اللہ چٹھہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوئی۔

جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن محفوظ بھٹی نے اتھارٹی کوبتایا کہ اضافے کے بعد بجلی کا یونیفارم ٹیرف 13.35 سے بڑھ کر 15.30 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔ اطلاق تمام صارفین پرہوگا۔ ماہانہ 50 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارف کا ٹیرف بھی بڑھے گا تاہم کے الیکٹرک صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس باراضافہ تمام صارفین کے لیے مانگا ہے، لائف لائن صارفین کا ٹیرف بھی 1.96 روپے فی یونٹ بڑھےگا، حکومت نے گذشتہ مالی سال 144 ارب روپے کی سبسڈی دی ، اس سال 185 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

نیپرا حکام نے کہا کہ حکومت نے 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ یونیفارم اضافے کی درخواست کی جبکہ نیپرا نے 3 روپے 34 پیسے فی یونٹ یونیفارم اضافے کا تعین کیا تھا، حکومت 185ارب روپے سبسڈی صارفین کو فراہم کرے گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال اوسط ٹیرف13.35 روپے تھا اب نئے تعین کے بعد 16.69 روپے فی یونٹ ہوگیا ہے۔ ممبرنیپرا سندھ رفیق شیخ نے استفسار کیا نیپرا کی سیکشن 31 پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، سیکشن 31 میں پورے ملک کے لیے یونیفارم ٹیرف کی ہدایات ہیں، 1.95 کی یکساں ٹیرف میں اضافے کا آپ قانونی جوازکیا ہے، حکام وزارت توانائی نے بتایا کہ یکساں ٹیرف ریونیو کی ضروریات کے مطابق ہے، حکام نے بتایا کہ اضافے سے بجلی صارفین پر1495 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

جس کے بعد حکومت کی درخواست پرسماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 21 جنوری کو حکومت نے پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافے کا اعلان کیا تھا۔


Comments