ہر وقت ایک ساتھ رہنے والے دوست ایک ساتھ ہی دنیا سے چلے گئے

کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ دوست جو ہر وقت ایک ساتھ رہتے تھے اس طرح ایک ساتھ ہی دنیا سے چلے جائیں گے،وہ ہر خوشی و غمی میں ستاھ ہوتے تھے، جی الیون حادثے میں جاں بحق نوجوان کے کزن آبدیدہ ہو گئے
اسلام آباد (WZD ONLINE تازہ ترین۔ 03 فروری 2021ء) اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں خواتین کی مخصوص نشستوں پرسابق رکن قومی اسمبلی اور محتسب برائے جنسی ہراسانی کشمالہ طارق کے پروٹوکول میں شامل گاڑیوں نے سگنل توڑتے ہوئے مہران کار کو ٹکر ماری، جس سے مہران کار میں سوار 4 نوجوان جاں بحق جبکہ ایک موٹرسائیکل سوار سمیت 2 افراد زخمی ہوئےتھے۔

بی بی سی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پانچ نوجوان خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے ایک ہی علاقے کے رہنے والے اور قریبی دوست تھے۔جاں بحق ہونے والے فاروق اور زخمی مجیب الرحمن کنگ عبداللہ اسپتال مانسہرہ میں سیکیورٹی گارڈ کے فرائض ادا کرتے تھے۔جب کہ محمد انیس ، محمد عادل اور حیدر علی عرف سونی بہت ہی قریبی دوست اور طالب علم تھے۔

یہ دوست بہتر مستقبل کے خواب سجائے اپنے ایک دوست کی نوکری کے انٹرویو کے لیے مانسہرہ سے اسلام آباد آئے تھے۔انہی میں ایک نوجوان محمد انیس کے کزن اور قریبی دوست محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقوں میں کہرام مچ گیا ہے۔کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ دوست جو ہر وقت ایک ساتھ رہتے تھے اس طرح ایک ساتھ ہی دنیا سے چلے جائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ محمد انیس تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی تلاش کر رہے تھے کیونکہ ان کے والد ایک سرکاری ادارے میں کلاس فور کی ملازمت کرتے تھے۔

وہ بتاتے ہیں کہ یہ چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور اس کو اندازہ تھا کہ اس پر بڑا بھائی ہونے کے ناطے گھر کی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے۔محمد عثمان کا کہنا تھا کہ چاروں دوست ایک دوسرے کے مددگار تھے جنہیں اکثر علاقے میں اکٹھا دیکھا جاتا تھا،وہ خوشی و غمی کے موقعوں پر ایک ساتھ علاقے میں کام کر رہے ہوتے تھے۔محمد انیس اس سے قبل بھی اسلام آباد دوستوں کے ہمراہ انٹرویو کے لیے آئے تھے۔ان کے کزن کا کہنا ہے کہ میں ان سب کا بچپن کا دوست ہوں۔ہم نے ایک ساتھ تعلیم حاصل کی۔ایک ساتھ زندگی کے خوبصورت لمحات گزارے تھے۔ہم سب کے اپنے مستقبل اور ایک دوسرے کے لیے بہت بلند عزائم تھے۔چاروں دوست ایک دوسرے کی مدد کرتے تھے۔اور اب چاروں دوست اس دنیا میں نہیں رہے جس پر دل بہت دکھی ہے۔

Comments