پاکستان عالمی سطح پر کیسز لڑنے کیلئے 300 ملین ڈالرخرچ کرچکا

بانی متحدہ کے کیسز پر 13 کروڑ ملین خرچ ہوچکے، خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود کیسز نہیں جیت پائے، وزیراعظم عمران خان کا اظہار تشویش، زیرالتواء کیسز اور اخراجات کی رپورٹ طلب                                            
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 جنوری 2021ء) پاکستان عالمی سطح پر کیسز لڑنے کیلئے 300 ملین ڈالرخرچ کرچکا ، بانی متحدہ کے کیسز پر 13 کروڑ ملین خرچ ہوچکے، وزیراعظم اوروفاقی وزراء نے اظہار تشویش کیا کہ خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود کیسز نہیں جیت پائے، وزیراعظم عمران خان نے زیرالتواء کیسز اور اخراجات کی رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں طے کردہ ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں عالمی عدالتوں میں زیرالتواء کیسز پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے عالمی عدالتوں میں زیر االتواء مقدمات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان یہ کیسزکیوں لڑ رہا ہے؟ کیسز اور اخراجات کی تفصیلات دی جائیں۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ بانی متحدہ کے کیسز پر 13 کروڑ ملین  خرچ ہوچکے، پچھلے 5 سے 7 سال میں پاکستان 300 ملین ڈالرخرچ کرچکا ہے۔ وفاقی وزراء فواد چودھری اور شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کیسز لڑنے پربھاری رقم خرچ کرچکا ہے، خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود کیسز نہیں جیت پائے۔

جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بتایا جائے یہ کیسز کس دور میں قائم ہوئے اور وکلاء کو کتنی رقم ادا کی گئی؟ اسی طرح اجلاس میں وزیر اعظم نے ایف 9 پارک کوگروی رکھنے کی مخالفت کردی، انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک کی بجائے اسلام آباد کلب کو گروری رکھ دیا جائے۔ پارک گروی رکھنے کی تجویز کیوں دی گئی؟ وزارت خزانہ نے بریفنگ دی کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کیلئے سکوک بانڈز کا اجراء کیا ، یہ علامتی تھا عملی طور نہیں تھا، جس پرایک وزیر نے طنزکرتے کہا کہ اگر علامتی گروی رکھنا تھا تو ایوان صدر کو گروی رکھ دیتے، جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ مجھے پتا ہے سکوک بانڈز کیا ہوتا ہے، عملی طور پر گروی نہیں رکھنا ہوتا تو وزیراعظم ہاؤس گروی رکھ دیتے۔
                                  

Comments